افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت کئی شہروں میں خوفناک زلزلے نے قیامت برپا کر دی جہاں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مختلف حصوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں سیکڑوں گھر تباہ ہوگئے جب کہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی کی تعداد ایک ہزار ہوگئی ہے اور اس کے نتیجے میں 1500 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
طالبان کے آفات کے نمٹنے کی وزارت کے نائب وزیر شرف الدین مسلم نے پریس کانفرنس کرتے کہا کہ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 920 ہوگئی ہے اور 600 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ کو ایک لاکھ افغانی اور زخمیوں کو پچاس ہزار افغانی روپے دے گی۔
افغانستان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور دوردراز علاقوں میں زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
طالبان رہنما ہبت اللہ اخونزادہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس زلزلے سے سینکڑوں مکانات منہدم ہوئے ہیں اس لیے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ پکتیکا ہے جہاں اطلاعات کے مطابق 250 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں اور وہ اب بھی بے یارو مددگار مدد کے منتظر ہیں جب کہ زلزلے کے نتیجے میں صوبہ پکتیکا میں سیکڑوں کی تعداد میں گھر بھی تباہ ہوئے۔
افغان طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے 6.1 شدت کا زلزلہ آیا۔ صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو سو پچپن افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ننگرہار، لغمان، غزنی، میدان وردک، لوگر اور خوست کے صوبوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے نتیجے میں منہدم ہونے والے مکانات میں اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی زندگیاں بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس زلزلے کے شدید جھٹکے ہمسایہ ملک پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت شمالی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 40 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز وسطی افغانستان تھا۔
پاکستان میں بھی چند روز کے دوران یہ دوسرا زلزلہ ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 5.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔