پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے، پاکستان کو فوری طور پر ایک ارب ڈالر مل جائیں گے۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی حکام اورعالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جبکہ جولائی سے پیٹرولیم پر مرحلہ وار 50 روپے فی لیٹر لیوی لگانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والوں پر دوبارہ ٹیکس متعارف کروایا گیا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے اگلے مالی سال کے بجٹ کے لیے اقدامات پر بھی رضامندی ظاہر کردی ہے۔
آئی ایم ایف کی ٹیم دو ہفتے کے دوران پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو فوری طور پر ایک ارب ڈالر دیے جائیں گے۔
آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کے معاشی اقدامات پر اتفاق کیا ہے اور بجٹ اہداف سے بھی متفق ہے جبکہ آئی ایم ایف سے معاہدے سے متعلق اعلامیہ بھی جلد جاری کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان اگلے سال کے دوران میکرو اکنامک استحکام بہتر بنانے کی پالیسیوں پر آج مزید مزاکرات ہوں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مزاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مزاکرات نتیجہ خیز ہوں گے اور بہت جلد معاشی بحران پر قابو پالیا جائے گا۔
اس حوالے سے گذشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا بھی اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی تھی۔