افغانستان میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی، 250 سے زائد افراد جاں بحق

61

افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت کئی شہروں میں خوفناک زلزلے نے قیامت برپا کر دی۔ زلزلے کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ پکتیکا میں ہونے کی اطلاعات ہیں جہاں ڈھائی سو سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

افغان طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے 6.1 شدت کا زلزلہ آیا۔ صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو سو پچپن افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ننگرہار، لغمان، غزنی، میدان وردک، لوگر اور خوست کے صوبوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے نتیجے میں منہدم ہونے والے مکانات میں اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی زندگیاں بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے

اس زلزلے کے شدید جھٹکے ہمسایہ ملک پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت شمالی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 40 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز وسطی افغانستان تھا۔

پاکستان میں بھی چند روز کے دوران یہ دوسرا زلزلہ ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 5.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

مزید پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ٹرک پر حملہ؛ 3 ہلاک اور 3 زخمی
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.