ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ میں کتاب میلہ زور شور سے جاری ہے۔
مدینہ منورہ میں جاری کتاب میلہ میں کتاب بینی کے ہزاروں شوقین افراد رخ کررہے ہیں اور میلے میں رکھی گئی مختلف موضوعات کی کتابوں سے استفاده حاصل کر رہے ہیں۔
مدینہ منورہ کے شاہ سلمان انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس سینٹر میں منعقد ہونے والے کتاب میلے کا انعقاد ریجنل ترقیاتی اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔
دس روز تک منعقد رہنے والے کتاب میلے کا افتتاح گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے کیا، کتاب میلے میں 13 ممالک کے 200 سے زائد اشاعتی اداروں کی جانب سے اسٹال لگائے گئے ہیں۔
دنیا کی متعدد زبانوں میں شائع کی گئی 60 ہزار سے زائد عنوان پر مبنی کتابیں اس میلے کا حصہ ہیں جبکہ میلے میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کتاب بینی کے شوقین مردو خواتین اور بچے شرکت کر رہے ہیں۔
جہاں انہیں مختلف ماہر تعلیم لیکچرز کے ذریعے دور حاضر میں کتاب کی اہمیت اور اس کی افادیت سے آگاہ بھی کررہے ہیں تو اس کے علاوہ کتاب میلے میں ماہر خطاط اور پینٹنگ بنانے کے ماہرین بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
میلے میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ شہر نبویؐ ہمیشہ سے علم کا گہوارہ رہا ہے اوع اس طرح کی ثقافتی ایونٹس معاشرے کے شعور کو بلند کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کتاب میلہ 25 جون تک جاری رہے گا۔