یوکرین جنگ، لوہانسک میں روسی افواج کے حملوں میں مزید تیزی

23

یوکرین کے مشرقی علاقے لوہانسک میں روسی افواج کے حملوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے جو اب سیویروڈونیسک کے صنعتی علاقے میں پیش قدمی کر رہی ہیں۔ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یہ علاقے ایک مشکل ترین لڑائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

مشرقی یوکرین میں علاقائی گورنر سیرہی گیدائی کے مطابق روسی افواج اس وقت سیویروڈونیسک شہر کے صنعتی حصے میں داخل ہو چکی ہیں۔ روسی فوج نے اس شہر کا کئی روز سے محاصرہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے علاقے میں ہونے والی لڑائی اور تباہ کاریوں کی صورتحال کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ گولہ باری ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رک رہی ہے۔

گورنر سیرہی گیدائی کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے کا ایزوٹ کیمیکل پلانٹ ہی وہ واحد مقام ہے جس پر ابھی تک روسی فوج کا قبضہ نہیں ہو سکا ہے۔ آس پاس کے گاؤں بھی گولہ باری کی زد میں ہیں۔ گورنر کا یہ بھی کہا کہ سیویروڈونیسک اور اس کے قریبی شہر لائسیچانسک کو باخموت شہر سے ملانے والی سڑک بھی مسلسل گولہ باری کی زد میں ہے۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ چونکہ روسی افواج نے علاقے میں دباؤ بڑھا دیا ہے اور محاذ جنگ پر دریا کے ساتھ والے ایک علاقے پر قبضہ کر لیا ہے اس لیے مشرقی یوکرین کے یہ دونوں اہم شہر مشکل ترین لڑائی سے گزر رہے ہیں۔ صدر زیلنسکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ خارکیف اور اوڈیسا میں بھی گولہ باری مسلسل جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  جاپان میں کرونا سے مسلسل دوسرے روز 400 سے زائد اموات

اس دوران روس کے حامی علیحدگی پسندوں نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ انہوں نے سیویروڈونیسک کے جنوب میں یوکرین کے زیرِ قبضہ مغربی کنارے کے ایک قصبے توشکیوکا پر قبضہ کر لیا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں یہ شہر جنگ کا اہم مرکز رہا ہے۔ گزشتہ روز کریمیا کے سربراہ سرگئی آکسینوف نے کہا تھا کہ یوکرین نے جزیرہ نما کریمیا کے ساحلی علاقے میں موجود تیل کی تنصیبات پر حملہ کیا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.