رحیم یار خان میں تھانہ کوٹ سمابہ کے علاقے بستی رسول پور میں سنگدل ملزم نے بالیاں چھیننے کی خاطر 8 سالہ بچی کو قتل کردیا۔پولیس حکام کے مطابق درندہ صفت ملزم نے بچی سے بالیاں چھینی اور اسے قتل کرکے اس کی لاش قریبی فصلوں میں چھپا دی۔بچی کے اہل خانہ تھانہ کوٹ سمابہ میں بچی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا، اور شک کی بنیاد پر علاقہ مکینوں کی نشاندہی پر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق جب ملزم سے تفتیش کی گئی تو اس نے انکشاف کیا کہ اس نے بچی کی بالیاں چھینی اور شناخت سے بچنے کے لئے اسے قتل کردیا، جب کہ لاش کو کھیتوں میں چھپا دیا۔تھانہ کوٹ سمابہ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر کھیت سے بچی کی لاش برآمد کرلی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔