سکھ بھارت سے آزادی حاصل کرکے امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، سکھ تنظیم

13

سکھ تنظیم کی جانب سے لندن میں فریڈم ریلی نکالی گئی جس میں شرکا نے کہا ہے کہ وہ بھارت سے آزاد ہو کر امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ سکھوں کے مقدس مقام دربار صاحب پر بھارتی حملے کے 38 برس آج مکمل ہوگئے، جس کی یاد میں آج ریلی نکالی گئی۔

اس موقع پر شرکا نے کہا کہ سکھ دربار صاحب پر حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 1984 میں سکھوں کا بےدردی سے قتل عام کیا، سکھ آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔

فیڈریشن آف سکھ آرگنائزیشن نے بھارت کے خلاف سینٹرل لندن میں فریڈم ریلی نکالی، جس میں لندن سمیت دیگر شہروں سے آئے خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے ہائیڈ پارک کے قریب ویلنگٹن آرچ سے ریلی کا آغاز کیا، شرکا بکنگھم پیلس کے سامنے سے ہوتے ہوئے ٹریفلگر اسکوائر پہنچے۔

خیال رہے کہ 38 سال قبل 1984ء میں اس وقت کی وزیرِاعظم اندرا گاندھی کے حکم پر بھارتی فوج نے ‘خالصتان’ کے قیام کی تحریک کو کچلنے اور سکھ علیحدگی پسندوں کی گرفتاری کے لیے ‘گولڈن ٹیمپل’ پر دھاوا بول دیا تھا۔

تین روز تک جاری رہنے والی اس کارروائی میں کم از کم 400 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اس کارروائی کے نتیجے میں سکھوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور چند ماہ بعد وزیرِاعظم اندرا گاندھی کے دو سکھ محافظوں نے انہیں گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

مزید پڑھیں:  ’چڑیا آزاد ہوگئی‘، ٹوئیٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک کا پہلا ٹوئیٹ

وزیرِاعظم کے قتل کے بعد بھارت میں سکھ مخالف فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں تین ہزار افراد مارے گئے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.