ترکیہ کے دورہ سعودی عرب کے بعد بہت جلد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 22 جون کو ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔
اردگان کا کہنا تھا ولی عہد کا انقرہ میں استقبال کیا جائے گا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے ساتھ ساتھ وفود کے سطح پر بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
اردگان نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان بھی اپریل میں سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں اور ترکیہ خاشقجی قتل کیس بھی سعودی عرب میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
گذشتہ ایک سال کے دوران انقرہ نے برسوں کی مخاصمت کے بعد اسرائیل، مصر، امارات اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور محمد بن سلمان کا دورہ ترکیہ بھی تعلقات کے نئے دور کا مظہر ہے۔