وسطی یورپ کے ملک چیکیا (چیک جمہوریہ) میں کیلوں کے کریٹس سے پولیس نے تقریباً سات کروڑ پاؤنڈ مالیت کی کوکین برآمد کی ہے جسے ’’غلطی سے‘‘ ایک سپر اسٹور چین کو سپلائی کر دیا گیا تھا۔
ملک بھر کے سپر اسٹورز پر کام کرنے والے ملازمین کیلوں کے کریٹس کھولنے پر ان میں موجود منشیات دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ منشیات کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کولمبیا سے چھپا کر ملک میں لائی گئی تھی اور پھر غلطی سے سپر اسٹورز کو سپلائی کر دی گئی۔
چیکیا پولیس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں منشیات کی مالیت چھ کروڑ 80 لاکھ پاؤنڈ تک ہے اور اسے کیلوں کے ساتھ کیوبز کی شکل میں پیک کیا گیا تھا جس کا مجموعی وزن 2200 پاؤنڈ ہے۔
ان مشکوک کیوبز کے بارے میں سب سے پہلے سپر مارکیٹ کے ملازمین نے دارالحکومت پراگ کے ساتھ ساتھ جسن اور ریچنوف نیڈ نیزنو قصبوں میں پولیس حکام کو مطلع کیا جنہوں نے اہلکاروں کو سراغ رساں کتوں کے ساتھ معاملے کی تحقیق کے لیے روانہ کیا۔
چیکیا پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ معاملے کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ منشیات کی اس کھیپ کو ملک کے کئی مقامات پر تقسیم کیا گیا ہے اسی لیے پولیس کسٹم حکام اور دیگر اداروں کے تعاون سے ان جگہوں پر مزید تحقیقات اور اقدامات کر رہی ہے۔
محکمہ پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس منشیات کا تعلق بیرونِ ملک سے ہے اس لیے انہوں نے بین الاقوامی پولیس (انٹرپول) سے بھی رابطہ کیا ہے۔ یہ کیس نیشنل ڈرگ کنٹرول سینٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے جو اب اس کی مزید تحقیقات کرے گا۔
جمہوریہ چیکیا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل 2015ء میں بھی ایک سپر مارکیٹ کے عملے نے 220 پاؤنڈ کوکین برآمد کی تھی۔