تکبیر نیوز (مانچسٹر): شمال مغربی انگلینڈ کے مختلف اسکولوں میں طالبات کی خفیہ اپ اسکرٹنگ تصاویر لینے اور ان کی جنسی نوعیت کی ڈیپ فیک تصاویر بنانے والے سابق سپلائی ٹیچر ابوسالی رحمان کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
37 سالہ رحمان، جو سالفورڈ سے تعلق رکھتا ہے، نے اپنے آئی فون کے ذریعے کلاس رومز اور اسکول کی راہداریوں میں طالبات کی خفیہ تصاویر بنائیں۔ Bolton Crown Court کو بتایا گیا کہ متاثرہ 15 طالبات کی عمریں 13 سے 16 سال کے درمیان تھیں اور وہ Bury، Bolton اور Salford کے مختلف ہائی اسکولوں میں زیرِ تعلیم تھیں۔
ایک ماں نے سوشل میڈیا پر بیٹی کی تصویر دیکھ لی
کیس اس وقت سامنے آیا جب مارچ 2025 میں ایک طالبہ کی والدہ نے X پر اپنی بیٹی کی اسکول یونیفارم والی تصویر دیکھی، جس کے ساتھ جنسی نوعیت کا مواد موجود تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ رحمان نے بعض تصاویر میں طالبات کے چہرے بالغ خواتین کے جسموں پر لگا کر جنسی نوعیت کی ڈیپ فیک تصاویر بھی بنائیں۔
اسکول اور پولیس کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد رحمان کو گرفتار کرکے اس کے فون اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز قبضے میں لے لیے گئے۔
سینکڑوں غیر قانونی تصاویر برآمد
استغاثہ کے مطابق پولیس کو رحمان کے آلات سے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق بڑی تعداد میں تصاویر ملیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ان میں:
- 226 Category C تصاویر
- 25 Category B تصاویر
- 12 Category A تصاویر
شامل تھیں۔
Category A تصاویر میں وہ مواد بھی شامل تھا جو رحمان نے انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔
تفتیش کاروں نے geo-location techniques، کلاس رومز کی شناخت اور اسکول یونیفارمز کی مدد سے متاثرہ طالبات اور جرائم کے مقامات کی نشاندہی کی۔
25 اسکولوں میں بطور سپلائی ٹیچر کام کیا
عدالت کو بتایا گیا کہ رحمان نے Manchester Metropolitan University سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد جولائی 2023 میں بطور ٹیچر qualification حاصل کی تھی۔
وہ شمال مغربی انگلینڈ کے 25 مختلف اسکولوں میں سپلائی ٹیچر کے طور پر کام کر چکا تھا، جبکہ جرم کا سلسلہ دسمبر 2023 سے جون 2025 میں گرفتاری تک جاری رہا۔
جج: “آپ نے اعتماد کا ناجائز فائدہ اٹھایا”
سزا سناتے ہوئے جج Kenderik Horne نے کہا کہ رحمان کو بطور ٹیچر اسکولوں، کلاس رومز اور طالبات کے قریب رہنے کا اعتماد حاصل تھا لیکن اس نے اسی اعتماد کا غلط استعمال کیا۔
جج نے کہا کہ اسکول یونیفارم میں طالبات کی تصاویر کو جنسی مواد کے ساتھ شیئر کرنا اعتماد کی سنگین خلاف ورزی تھی۔
پراسیکیوشن: ابھرتی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال سنگین جرم
Senior Crown Prosecutor Alexandra Mann نے کہا کہ رحمان نے ایسے ماحول میں بچوں کی خفیہ تصاویر بنائیں جہاں انہیں خود کو محفوظ سمجھنے کا حق حاصل تھا۔
انہوں نے کہا کہ طالبات کی جنسی نوعیت کی ڈیپ فیک تصاویر بنانا اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنا اعتماد کی انتہائی سنگین خلاف ورزی ہے، اور ابھرتی ٹیکنالوجی کا بچوں کے استحصال کے لیے استعمال ایک سنگین جرم ہے۔
