تکبیر نیوز (لندن): سابق کنزرویٹو وزیر اور ریفارم یوکے کی رہنما این وڈیکومب کے قتل کے مقدمے میں نامزد 28 سالہ جوشوا کیری پر اب ریفارم یوکے کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ نائجل فراج سمیت دہشت گرد کارروائیوں کی تیاری کا الزام بھی عائد کردیا گیا ہے۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس اور کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کے مطابق رودرہم، ساؤتھ یارکشائر کے بائرلے روڈ سے تعلق رکھنے والے جوشوا کیری پر ٹیررازم ایکٹ 2006 کی دفعہ 5(1)(a) کے تحت دہشت گرد کارروائیوں کی تیاری کا ایک الزام عائد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نیا الزام مبینہ طور پر 31 مئی 2024 سے 8 جولائی 2026 کے درمیان ہونے والی سرگرمیوں سے متعلق ہے اور اس میں نائجل فراج کے خلاف مبینہ سرگرمی بھی شامل ہے۔
این وڈیکومب کے قتل کا الزام بھی زیرِ سماعت
جوشوا کیری پر اس سے قبل این وڈیکومب کے قتل کا بھی الزام عائد کیا جاچکا ہے۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس نے 20 جولائی کو تصدیق کی تھی کہ کیری کے خلاف این وڈیکومب کی موت کے سلسلے میں قتل کا مقدمہ چلانے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس وقت پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ مبینہ حملے کے ممکنہ سیاسی یا دہشت گردی سے متعلق محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔
این وڈیکومب 8 جولائی کو ڈیون کے ڈارٹ مور علاقے میں ہیٹر میں واقع اپنے گھر میں ہونے والے مبینہ حملے کے بعد ہلاک ہوگئی تھیں۔
جوشوا کیری قتل کے الزام میں بھی تاحال مجرم ثابت نہیں ہوا اور اس مقدمے کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کی طویل تحقیقات
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کی سینئر نیشنل کوآرڈینیٹر ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر وکی ایونز کے مطابق اس معاملے پر طویل عرصے سے انتہائی وسیع اور پیچیدہ تحقیقات جاری تھیں۔
ان کے مطابق جاسوسوں، تجزیہ کاروں اور فرانزک ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیم نے تحقیقات کے متعدد پہلوؤں پر کام کیا، جس کے بعد یہ نیا الزام عائد کیا گیا۔
این وڈیکومب کے قتل کی ابتدائی تحقیقات کے دوران بھی کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ نے کہا تھا کہ واقعے کے ممکنہ محرکات، بشمول کسی ممکنہ سیاسی تعلق، کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
نائجل فراج سے متعلق سابق واقعے کی تحقیقات بھی دوبارہ شروع
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ نے اگست میں تصدیق کی تھی کہ این وڈیکومب قتل کیس کی جاری تحقیقات کے دوران گزشتہ سال گریٹر لندن میں رپورٹ ہونے والے ایک الگ واقعے کی تحقیقات دوبارہ شروع کی گئی ہیں۔
یہ واقعہ اپریل 2025 میں پولیس کو مبینہ طور پر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کے طور پر رپورٹ کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی تھی، تاہم کیس دوبارہ کھولنے کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ لندن نے ایک ایسی ممکنہ تفتیشی کڑی کی نشاندہی کی جو پہلے سامنے نہیں آئی تھی۔
ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیشی
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کے مطابق جوشوا کیری کو بدھ 7 اکتوبر 2026 کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جانا ہے۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس کے چیف کراؤن پراسیکیوٹر فرینک فرگوسن کے مطابق شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دہشت گرد کارروائیوں کی تیاری کے الزام میں مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
CPS نے واضح کیا ہے کہ کیری کے خلاف عدالتی کارروائی فعال ہے اور اسے منصفانہ مقدمے کا حق حاصل ہے۔ الزامات عائد ہونا جرم ثابت ہونے کے مترادف نہیں اور حتمی فیصلہ عدالت کرے گی۔
