سابق وزیر دانیال عزیز ٹریفک حادثے میں زخمی، ایک شخص جاں بحق
دانیال عزیز کے دونوں ہاتھ فریکچر، پھیپھڑوں کو بھی نقصان پہنچا، ڈاکٹرز
میڈیا کے مطابق سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز اپنی گاڑی خود ڈرائیور کررہے تھے کہ شکر گڑھ کے قریب بجنا اسٹاپ کے قریب سامنے سے آنے والے منی ٹرک سے تصادم ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق دانیال عزیز اسلام آباد سے اپنے ساتھیوں سمیت واپس شکر گڑھ آرہے تھے جب سامنے سے آنیوال مزدا ٹرک ٹائر برسٹ ہونے کے باعث قابو سے باہر ہو کر ان کی گاڑی پر چڑھ گیا، حادثے میں دانیال عزیز کی پراڈو گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے میں دانیال عزیز سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال نارووال منتقل کردیا گیا ہے، دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں، ان کے دونوں ہاتھوں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔انتظامیہ کے مطابق دانیال عزیز کے پھیپھڑوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، انہیں سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے انہیں لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسپتال میں زیر علاج حادثے کا ایک زخمی دوران علاج چل بسا۔وزیراعظم شہباز شریف نے شکر گڑھ حادثے اور دانیال عزیز کے زخمی ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور مقامی انتظامیہ کو سابق وفاقی وزیر کے بہتر علاج کیلئے تمام اقدامات کی ہدایت کی ہے۔شہباز شریف نے دانیال عزیز کی اہلیہ کو ٹیلی فون کرکے کہا کہ دانیال عزیز کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق شخص کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی جبکہ دیگر زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔