عمران خان نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی

اميد ہے لوگ پرامن احتجاج کے لیے نکلیں گے،عمران خان

29

ویِڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اس تماشے کے خاتمے کیلئے سب کو باہر نکلنا ہوگا ورنہ مزید مہنگائی ہوگی، اتوار کی رات 10 بجے قوم سے مخاطب ہوں گا، جس میں لائحہ عمل دینا چاہتا ہوں کہ ہمیں بحیثیت قوم کیا کرنا چاہیے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ اميد ہے لوگ پرامن احتجاج کے لیے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی، فضل الرحمان سب ایک ہی بات کررہے تھے کہ بہت مہنگائی ہوگئی، آج قوم کے سامنے حقائق رکھنا چاہتا ہوں، اللہ کا وعدہ ہے سچ سامنے آئے گا، سچ چھپتا نہیں ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بھی پیٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ میں زیادہ تھی اور آئی ایم ایف کا دباؤ بھی تھا، لیکن عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے ہم نے پیٹرول اور ڈیزل پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دی، آئی ایم ایف نے کہا کہ پیٹرول مہنگا کرو ہم نے 10 روپے سستا کردیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت بجلی 16 روپے فی یونٹ پر چھوڑ کر گئی تھی جو آج 29.5 روپے فی یونٹ تک پہنچ چکی ہے۔ہمارے دور میں 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 1100 روپے کا تھا، جو آج 1500 روپے پر پہنچ چکا ہے، گھی کی فی کلو قیمت 400 روپے تھی، جو اب 650 روپے فی کلو ہوچکی ہے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں ڈالر 178 روپے کا تھا، جو 30 روپے مہنگا ہو کر آج 208 روپے پر پہنچ چکا ہے۔ روپے کی قدر میں ابھی مزید کمی آئے گی اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ہمارے دور میں سب سے کم بے روزگاری تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی سروے کی رپورٹ کے مطابق ’ہمارے آخری دو برسوں میں پاکستان کی معیشت بہترین انداز میں چل رہی تھی۔ شرح نمو 6 فیصد تھی اور پاکستان ترقی کر رہا تھا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سے معیشت سنبھالنے کی سمجھ ہے نہ مہنگائی کنٹرول ہو رہي ہے، ان کے حکومت ميں آنے کا مقصد مہنگائی کم کرنا نہيں تھا، ان کا مقصد این آر او لينا ہے اور دھاندلی کر کے دوبارہ مسلط ہونا بھی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ’پاکستان کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں، امید کرتا ہوں کہ عوام پرامن احتجاج کے لیے باہر نکلیں گے۔

مزید پڑھیں:  شریف خاندان صرف ڈرامے رچانے کے لئے اقتدار میں آتا ہے، پرویز الٰہی
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.