جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس کا آ ج آخری روز ہے، اجلاس کے اختتام پر آج ممالک کے گرے لسٹ سے متعلق اسٹیٹس کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے دیے گئے اہداف پر عملدرآمد کیا، پاکستان نے تمام 34 نکات پر عملدرآمد کر لیا ہے۔
پاکستان بھی ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالے جانے کا منتظر ہے۔
وفاقی حکومت سے منسلک ایک ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی اطلاعات ہیں کہ اس بار فیصلہ پاکستان کے حق میں کیا جائےگا۔
وفاقی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکلتا ہے تو بھی معاملات طے ہونے میں7 سے8 ماہ لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرے لسٹ سے نکلنے پر فیٹف ٹیم جائزے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
ترجمان وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ معاملات پاکستان کے حق میں جاتے دکھائی دیتے ہیں، اجلاس میں دیگر ممالک کی رضا مندی اور تسلی بھی معنی خیز ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو دو مرحلوں میں 34 نکات پر عمل درآمد کے لیے کہا تھا، پاکستان نے اس بار تمام 34 شرائط پر عمل درآمد کیا ہے۔