تکبیر نیوز (سڈنی، آسٹریلیا): آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مغربی علاقے آبرن میں ایک کچرے کے ڈبے سے نومولود بچے کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ بچے کی ماں کی تلاش کے لیے فوری اپیل جاری کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق پیر کے روز صبح تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر ایمرجنسی سروسز کو ہارو روڈ، آبرن میں واقع ایک یونٹ بلاک سے اطلاع ملی کہ ایک نجی کچرے کے ڈبے میں نومولود بچے کی لاش موجود ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بچہ لڑکا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو کرائم سین قرار دے کر گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ آبرن کے تفتیشی افسران نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کو بچے کی ماں کی فکر
پولیس حکام نے نومولود کی ماں کی صحت اور حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور اپیل کی ہے کہ اگر وہ یہ خبر دیکھ رہی ہیں تو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچیں تاکہ انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔
آبرن پولیس ایریا کمانڈر ڈیٹیکٹو ایکٹنگ سپرنٹنڈنٹ ڈیرن سلائی کے مطابق بچے کی لاش ایک مقامی رہائشی خاتون نے اس وقت دریافت کی جب وہ کچرے کے ڈبے میں اپنا کچرا ڈال رہی تھیں۔
پولیس افسر نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور صدمہ پہنچانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاش ملنے والی خاتون کے لیے بھی یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ تھی۔
بچہ 36 گھنٹے تک ڈبے میں رہنے کا امکان
پولیس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ نومولود بچے کی پیدائش زندہ حالت میں ہوئی تھی یا نہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ بچہ تقریباً 36 گھنٹے تک کچرے کے ڈبے میں موجود رہا۔
بچے کی موت کی اصل وجہ اور دیگر اہم شواہد جاننے کے لیے مزید طبی معائنہ کیا جائے گا۔
پولیس نے تاحال بچے اور اس کی ماں دونوں کی شناخت معلوم نہیں کی۔
پولیس نے عوام سے مدد مانگ لی
آبرن کے تفتیشی افسران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص نے واقعے کے وقت یا اس سے قبل ہارو روڈ اور آس پاس کے علاقے میں کوئی مشکوک سرگرمی دیکھی ہو تو پولیس سے رابطہ کرے۔
پولیس خاص طور پر ایسے افراد سے بھی معلومات اور ڈیش کیم یا موبائل فون کی ویڈیو فوٹیج طلب کر رہی ہے جو واقعے کے وقت علاقے میں موجود تھے۔
معلومات Auburn Police Station یا Crime Stoppers سے 1800 333 000 پر رابطہ کرکے فراہم کی جاسکتی ہیں۔
پولیس کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ نومولود بچے کی ماں کی شناخت اور موجودگی معلوم کرنے کے لیے تلاش کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
