تکبیر نیوز (جرمنی): جرمنی کے شہر روزن ہائم کے ریلوے اسٹیشن پر چاقو کے حملے میں 31 سالہ برطانوی خاتون شدید زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گئی، جبکہ پولیس نے قتل کے شبے میں 27 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی علی الصبح بالائی باویریا کے روزن ہائم ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں ایک نوجوان شخص نے مبینہ طور پر خاتون پر چاقو سے حملہ کیا۔
حکام کے مطابق حملہ رات تقریباً 12 بج کر 50 منٹ پر کیا گیا۔ حملے کے نتیجے میں 31 سالہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کچھ دیر بعد دم توڑ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد وفاقی پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے ایک 27 سالہ جرمن شہری کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار شخص کا تعلق فورسٹن فیلڈ برک ضلع سے بتایا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کو مشتبہ قتل قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم خاتون کے قتل کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔
تفتیش کار اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا مقتولہ اور گرفتار شخص ایک دوسرے کو جانتے تھے یا حملہ کسی اجنبی خاتون پر اچانک کیا گیا۔
حکام کے مطابق حملے کے محرکات اور پس پردہ وجوہات ابھی تحقیقات کا حصہ ہیں اور فی الحال کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا گیا۔
پولیس نے ایسے تمام افراد سے بھی رابطے کی اپیل کی ہے جو واقعے کے وقت روزن ہائم ریلوے اسٹیشن پر موجود تھے یا جنہوں نے کسی قسم کی بحث، جھگڑا یا مشکوک صورتحال دیکھی ہو۔
عینی شاہدین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی معلومات روزن ہائم کرمنل پولیس انسپکٹریٹ کو فراہم کریں تاکہ واقعے کی مکمل صورتحال واضح کرنے میں مدد مل سکے۔
