واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے کو جانے والی سڑک جمال خاشقجی کے نام سے منسوب کردی گئی۔ اس موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن نے ان کا قتل کبھی نہ بھولنے کا عزم کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دارالحکومت کی مقامی انتظامیہ نے سعودی سفارت خانے جانے والی ایک سڑک کا نام تبدیل کرتے ہوئے اسے 2018 میں استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے جمال خاشقجی کے نام سے منسوب کردیا ہے۔
کولمبیا کونسل کے ضلعی صدر فِل مینڈلسن نے کہا کہ نیو ہیمپشائر ایونیو کے اس حصے کا نام تبدیل کرنے کے لیے متفقہ طور پر ووٹ دیا گیا اس کے ساتھ واٹر گیٹ نامی کثیرالمنزلہ عمارت ہی واقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گلی ہمیشہ جمال خاشقجی کی یاد دلائے گی جسے کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔
یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی ہے کہ جب صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے ایک روز قبل بتایا تھا کہ اس دورے کے دوران جو بائیڈن سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
قبل ازیں، اپنی انتخابی مہم کے دوران جو بائیڈن نے جمال خاشقجی کے قتل سمیت انسانی حقوق سے متعلق معاملات پر سعودی عرب پر پابندیاں لگانے کا عزم کیا تھا۔
سعودی صحافی نے امریکی جریدے دی واشنگٹن پوسٹ میں طاقتور شہزادے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
جمال خاشقجی کی جانب سے تشکیل دیے گئے بائیں بازو کے گروپ (ڈیموکریسی فار عرب ورلڈ) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سارہ لی نے جو بائیڈن کے دورے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے شرمی کا اعتراف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دروازوں کے پیچھے چھپے ہوئے لوگوں کو ہر دن، ہر گھنٹے اور ہر لمحے یہ یاد دلانا چاہتے ہیں کہ یہ جمال خاشقجی کا راستہ ہے۔ہم اپنے اس بہادر دوست کے قتل کا حساب چاہتے ہیں جو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ظلم کو چیلنج کرنے کی جرأت رکھتا تھا۔
اس حوالے سے بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں سخت رویہ اختیار کر رہے ہیں تاہم، پھر بھی سعودیوں کے ساتھ اہم مفادات رکھتے ہیں۔
خاشقجی کا قتل۔۔ ایک افسانہ۔۔۔
یاد رہے، واشنگٹن پوسٹ کے لیے لکھنے والے امریکی رہائشی جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر 2018 کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ اپنی ترک منگیتر ہیٹیس سینگیز سے شادی کے لیے درکار دستاویزات جمع کرانے کے لیے گئے تھے۔
ترک حکام کا الزام ہے کہ سعودی ولی عہد کے بارے میں تنقیدی مضمون لکھنے والے جمال خاشقجی کو استنبول بھیجے گئے سعودی ایجنٹوں کی ایک ٹیم نے سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کیا اور پھر ان کی لاش کے ٹکڑے کر دیے، جمال خاشقجی کی لاش کی باقیات اب تک نہیں ملیں۔اس ٹیم میں فرانزک ڈاکٹر، انٹیلی جنس اور سیکیورٹی افسران سمیت وہ افراد شامل تھے جو سعودی ولی عہد کے دفتر کے لیے کام کرتے تھے۔
The post واشنگٹن، سعودی سفارتخانے جانے والی سڑک ’خاشقجی‘ کے نام سے منسوب appeared first on .