جرمن چانسلر اولاف شولز، فرانسیسی صدر میکرون سمیت اطالوی وزیراعظم ماریو دراگی بذریعہ ٹرین یوکرینی دارالحکومت کیف پہنچ گئے ہیں۔ روس یوکرین جنگ کے تناظر میں ان رہنماؤں کے اقدامات پر یوکرینی صدر تنقید کرتے آئے ہیں۔
یوکرینی دارالحکومت کیف میں تعینات فرانسیسی سفیر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شائع کی ہے۔ اس تصویر میں تینوں یورپی رہنما ایک ٹرین میں موجود ہیں۔ تصویر کے کیپشن میں یہ لکھا گیا ہے کہ یہ رہنما کیف جارہے ہیں۔ بعدازاں، فرانسیسی صدارتی دفتر نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ یہ رہنما گزشتہ رات کی ٹرین سے یوکرینی دارالحکومت کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
یوکرین میں جاری جنگ اور سلامتی کی صورتحال کے باعث اس دورے کی تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔
مذکورہ بالا تینوں یورپی رہنماؤں کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب یوکرین نے ایک بار پھر جنوب اور مشرق میں روس کی پیشقدمی کو روکنے کے لیے مزید ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے درخواست کی ہے۔
اس تناظر میں یوکرینی افواج کی قیادت کرنے والے میجر جنرل دمیترو مارچینکو نے کہا ہے کہ اگر انہیں صحیح ہتھیار بروقت فراہم کیے جائیں تو یوکرینی فوج روس کے خلاف فتح حاصل کر سکتی ہے۔
یوکرینی صدر زیلینسکی کی یورپی رہنماؤں پر تنقید
تینوں یورپی رہنماؤں کے دورہ کیف کا انتظام کرنے میں کئی ہفتے لگے ہیں کیوںکہ یوکرین میں ان پر شدید تنقید کی جاتی ہے۔ تنقید کی وجہ ان کا یوکرین جنگ کے جواب میں فوری طور پر وہ دوستانہ ردعمل ظاہر نہیں کیا جو امریکہ کا یوکرین کے لیے تھا۔
دوسری جانب، امریکہ نے فوری طور پر یوکرین حکومت کی حمایت کرتے ہوئے روس کے خلاف اربوں ڈالر کی امداد اور ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
زیلینسکی کا فرانس اور جرمنی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ دونوں ممالک یوکرین کی کُھل کر حمایت کرنے میں ہچکچارہے ہیں اور اُن ہتھیاروں کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں جو یوکرین اپنی آزادی اور سلامتی کے لیے حاصل کرنا چاہتا ہے۔
یاد رہے، فرانسیسی صدر میکرون نے روس کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یورپ کو یوکرین کی حمایت میں مضبوط اشارے بھیجنے کی ضرورت ہے۔تاہم، انہوں نے ایک مرتبہ پھر اصرار کرتے ہوئے کہا کہ کیف حکومت کو بالآخر ماسکو کے ساتھ مذاکرات کرنا ہوں گے۔
یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے مابین جنگ بندی مذاکرات کی متعدد کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ یوکرین نے روس کے ساتھ مذاکرات کے لیے پیشگی شرائط رکھی ہوئی ہیں جبکہ روس ان پیشگی شرائط کو تسیلم کرنے سے انکار کرتا ہے۔
The post روس یوکرین جنگ، یوکرین میں یورپی رہنماؤں کی بیٹھک لگ گئی appeared first on .