اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل کی تفصیلات جلد سامنے لائیں گے، اور عوام کو اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے تازہ ٹویٹس میں پاکستان تحریک انصاف اور آئی ایم ایف کے درمیان پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے سلسلے میں کیے جانے والے تباہ کن معاہدے کی تفصیلات سامنے لانے کا عندیہ دیا ہے۔
انھوں نے لکھا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔
شہباز شریف نے مزید لکھا کہ میں حیران ہوں کہ جن لوگوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ اب تک کا بدترین معاہدہ کیا اور واضح طور پر برے معاشی فیصلے کیے، ان میں سچ کا سامنا کرنے کا ضمیر ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کرنے والے کیسے بے گناہ ہونے کا بہانہ کر سکتے ہیں جب کہ قوم جس کرب سے گزر رہی ہے وہ صاف ظاہر ہے۔
وزیر اعظم نے لکھا آئی ایم ایف معاہدے پر پی ٹی آئی حکومت نے دستخط کیے تھے، اس ڈیل کی تفصیلات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے، اور ان شاء اللہ ہم ان معاشی مشکلات سے نکل آئیں گے۔