گرے لسٹ سے پاکستان کا اخراج، اتحادی ممالک کی کوششوں میں تیزی

26

اتحادی ممالک نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کوشش کرنے والے اتحادی ممالک میں چین سر فہرست ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی سربراہی میں ہونے والی اس خاموش لابنگ کا ذکر کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر نکالنا ہے۔

اس تناظر میں واشنگٹن سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جو اتحادی ممالک اس لابنگ کا حصہ ہیں ان کا یہ ماننا ہے کہ پاکستانی معیشت کو بحال کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنا لازمی ہے۔ اس سلسلے میں 9 اپریل کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ بھی پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد کر سکتا ہے۔ جس میں کالعدم لشکر طیبہ کے سربراہ کو 33 برس عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

 

واضح رہے،اس سے قبل مارچ میں پیرس میں ہونے والے اپنے اجلاس میں ایف اے ٹی ایف نے نشاندہی کی تھی کہ پاکستان نے اپنے 2018 کے ایکشن پلان میں 27 میں سے 26 کو مکمل کر لیا ہے۔ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی حوصلہ افزائی کی تھی کہ وہ جلد از جلد ایک اور معاملے یعنی دہشت گردی کی مالی معاونت کی تحقیقات اور اقوام متحدہ کے نامزد کردہ دہشت گرد گروہوں کے سینئر رہنماؤں اور کمانڈرز کو نشانہ بنانے پر توجہ دے۔

ایف اے ٹی ایف نے گزشتہ اجلاس میں اس بات کو بھی سراہا تھا کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے جون 2021 میں جن 7 ایکشن پلانز پر عمل کرنے کو کہا گیا تھا ان میں سے 6 منصوبوں پر عمل کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد سے گرفتار تمام 290 بلوچ مظاہرین رہا

وزارت خارجہ نے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایک پریزنٹیشن تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے کس طرح تمام 27 ایکشن پلانز مکمل کیے ہیں۔

یاد رہے، ایف اے ٹی ایف ایک عالمی ادارہ ہے جو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت پر نظر رکھتا ہے، اس کا چار روزہ اجلاس 14 جون سے 17 جون جرمنی کے شہر برلن میں ہونے جارہا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے وفود دنیا بھر سے اس عالمی نیٹ ورک کے 206 اراکین کی نمائندگی کریں گے جبکہ اس کے مبصرین بھی اجلاس میں شریک ہوں گے جن میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)، اقوام متحدہ، ورلڈ بینک، ایگمنٹ گروپ آف فنانشل انٹیلی جنس یونٹس شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.