بھارتی ریاست اتر پردیش میں بجلی سپلائی کرنے والی ایک کمپنی کے ملازم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کرنے کے بعد پولیس اسٹیشن کو بجلی کی سپلائی کاٹ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھگوان سوروپ نے بریلی ضلع کے ہرداس پور پولیس اسٹیشن کو بجلی کی سپلائی منقطع کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹریفک اہلکارمودی سنگھ اور سوروپ کے درمیان اس وقت جھگڑا شروع ہو گیا جب ٹریفک اہلکار نے اسے موٹر سائیکل کے کاغذات کے بارے میں پوچھنے کے لیے روکا۔
سوروپ کی جانب سے موٹر سائیکل کے کاغذات نہ دکھانے پر ٹریفک اہلکار نے اسے 500 روپے کا چالان کاٹ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوروپ نے مبینہ طور پر اپنے گھر سے دستاویزات لانے کے لیے وقت مانگا تھا لیکن ٹریفک اہلکار نے اس سے انکار کردیا اور اس کا چالان جاری کردیا۔
اس واقعے کے بعد سواروپ غصے میں آ گیا، جس کے بعد بجلی کے محکمے میں اپنے ساتھیوں کو بلایا اور تھانے کی بجلی کی سپلائی منقطع کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔