انٹربینک میں ڈالر کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق آج ٹریڈ کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 1.64 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 205 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ موجودہ حکومت کے صرف تین ماہ میں ڈالر 23 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ خسارے اور زرِ مبادلہ کے کم ہوتے ہوئے ذخائر کی وجہ سے پاکستان میں روپے کی قدر میں بھی مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کو انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوکر 203 روپے 85 پیسے کا ہوگیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق کرنسی کی قدر میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جب کہ بیرونی سرمایہ کاروں پر بھی اسکے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر کے جانے اور اس کے بعد مستقل گورنر کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث بھی ایسا لگ رہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کا انٹر بینک میں کنٹرول کمزور ہوگیا ہے جس کا فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔