تکبیر نیوز، برمنگھم:
برمنگھم کے لارڈ میئر نے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے خواتین کے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت کی اور خواتین کرکٹ کے فروغ کو خوش آئند قرار دیا۔
لارڈ میئر نے کہا کہ برمنگھم میں عالمی معیار کے کھیلوں کا انعقاد شہر کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ایجبسٹن میں کھیلے گئے مقابلوں میں بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز جبکہ بھارت اور پاکستان کی خواتین ٹیمیں مدِ مقابل آئیں، جنہوں نے شائقین کو دلچسپ کرکٹ سے محظوظ کیا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور یہ کھیل نہ صرف مختلف کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے بلکہ خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔

لارڈ میئر کے مطابق ایسے بین الاقوامی مقابلے نوجوان نسل کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوتے ہیں اور خواتین کھلاڑیوں کی کامیابیاں نئی نسل کو کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں اور شائقین کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایجبسٹن میں کرکٹ کا ماحول انتہائی شاندار تھا اور میدان میں موجود توانائی نے اس ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔

