تکبیر نیوز، نائجیریا: نائجیریا میں ایک منفرد اور دلچسپ شادی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، جہاں جڑواں بھائیوں نے جڑواں بہنوں سے شادی کر کے اپنی دیرینہ خواہش پوری کر لی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائجیریا کے شہر ایبادان کے ایک چرچ میں منعقد ہونے والی تقریب میں دو جڑواں بھائی دو جڑواں بہنوں کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور صارفین کی جانب سے اس منفرد جوڑے کو مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔
شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں کا کہنا تھا کہ دونوں جوڑوں کی شادی ایک “پرفیکٹ میچ” محسوس ہو رہی تھی اور تقریب میں خوشی کا منفرد سماں تھا۔
جڑواں بھائیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چونکہ وہ خود جڑواں ہیں، اس لیے ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کی زندگی کی ساتھی بھی جڑواں بہنیں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ خدا کے خاص فضل سے ان کا یہ خواب حقیقت بن گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ملاقات جڑواں بہنوں سے ایبادان یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کے ذریعے ہوئی تھی۔ ابتدا میں چاروں کے درمیان دوستی قائم ہوئی، جو وقت کے ساتھ مضبوط تعلق میں تبدیل ہو گئی اور بالآخر انہوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق نائجیریا کا شہر ایبادان دنیا بھر میں جڑواں بچوں کی غیر معمولی تعداد کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس علاقے کو جڑواں بچوں کا مرکز بھی کہا جاتا ہے۔
یہ منفرد شادی نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں صارفین اسے قدرت کا ایک خوبصورت اتفاق قرار دے رہے ہیں۔
