ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ہر 10 میں سے 7 مسلمانوں کو اسلاموفوبک روّیوں کا سامنا ہے۔
برطانیہ اور یورپی ممالک کے مسلمانوں سے متعلق موضوعات پر مشتمل ‘‘ہائیفن’’ نامی ویب سائٹ نے 22 اپریل سے 10 مئی تک کئے گئے ایک سروے کی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں 18 سے 24 سال تک کی عمر کے 700 نوجوانوں سمیت کُل 1503 مسلمانوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق سروے میں کاروباری مقامات اور دفاتر میں مسلمانوں کو درپیش اسلاموفوبک روّیوں اور معاشرے میں ان کے کردار پر ڈیٹا جمع کیا گیا۔
سروے رپورٹ کے مطابق دفاتر اور کاروباری ماحول میں مسلمانوں کو زیادہ تر گاہکوں یا پھر بیرونی افراد سے رابطے کے دوران 44 فیصد، کام کے مقامات پر سماجی سرگرمیوں میں 42 فیصد اور پروموشن لینے کے دوران 40 فیصد اسلاموفوبک روّیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دیگر مسلمانوں کے برعکس سیاہ فام مسلمانوں کو اسلاموفوبیا کا زیادہ سامنا کرنا پڑا، غیر سیاہ فام مسلمانوں کو 37 فیصد جبکہ سیاہ فام مسلمانوں کو ریکروٹمنٹ اسٹیج پر 58 فیصد امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔