نائجیریا، مسلح گروہ نے ٹرین پر حملے کے دوران اغوا کیے 11 مسافر رہا کر دیے

21

نائجیریا میں ایک مسلح گروہ نے مسافر ٹرین پر حملے کے دوران اغوا کیے گئے 11 مسافروں کو ڈھائی ماہ کے بعد رہا کر دیا ہے۔

نائجیریا کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ مسلح افراد نے ان گیارہ مسافروں کو رہا کر دیا ہے جنہیں مارچ میں شمالی نائجیریا کے علاقے میں کادونا جانے والی ایک ریل گاڑی پر حملے کے دوران اغوا کر لیا گیا تھا۔ رہا کیے جانے والے افراد میں 6 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں تاہم حکام کا خیال ہے کہ درجنوں مغوی اب بھی اغوا کنندگان کی قید میں ہیں۔

نائجیریا کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ حکومت تمام اغوا شدہ مسافروں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششوں میں مصروف ہے۔ رہائی پانے والے مسافروں کو ابوجا کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ان افراد کو کیسے اور کہاں سے رہا کیا گیا ہے۔ یہ بھی واضح نہیں کہ ان مغویوں کی رہائی کے لیے کسی قسم کا تاوان بھی ادا کیا گیا تھا یا نہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس 28 مارچ کو ایک مسلح گروہ نے ابوجا اور کادونا کے درمیان ریلوے لائن کے ایک حصے کو بم دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ مسلح افراد نے وہاں سے گزرنے والی ایک مسافر ٹرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں آٹھ مسافر ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کئی مسافروں کو اغوا بھی کر لیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  فن لینڈ میں بیویوں کو اٹھاکر دوڑنے کا مقابلہ
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.