(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لیورپول)
لیورپول کے علاقے والٹن میں 19 سالہ نوجوان کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایک اور مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
مرسی سائیڈ پولیس کے مطابق 24 سالہ شخص کو قتل کی سازش کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق والٹن سے ہے اور اسے مزید پوچھ گچھ کیلئے حراست میں رکھا گیا ہے۔
یہ مقدمہ 19 سالہ Ellis Cox کے قتل سے متعلق ہے، جسے 23 جون 2024 کی رات گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ایلس اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ سائیکل پر سوار تھا جب چند افراد الیکٹرک بائیکس پر وہاں پہنچے اور فائرنگ کر دی۔
تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں نے تین گولیاں چلائیں، جن میں سے ایک ایلس کو جا لگی۔ شدید زخمی ہونے کے باعث وہ موقع کے قریب ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے خلاف کسی مجرمانہ سرگرمی کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
حالیہ گرفتاری کے بعد اس کیس میں گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ اس سے قبل گرفتار کیے گئے سات دیگر مشتبہ افراد، جن میں ایک 19 سالہ نوجوان بھی شامل ہے جسے اسپین سے واپسی پر ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا، مشروط ضمانت پر ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تفتیشی افسر Steve Wilkinson نے کہا کہ تحقیقات مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں اور پولیس مقتول کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کیلئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات موجود ہیں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے کیونکہ معمولی سی معلومات بھی کیس میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
ایلس کا خاندان اب بھی انصاف کا منتظر ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ایلس ایک خوش مزاج، محبت کرنے والا اور خاندان سے بے حد وابستہ نوجوان تھا جس کے مستقبل سے جڑے بڑے خواب تھے، لیکن اس کی زندگی اچانک ختم کر دی گئی۔
