(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ٹپٹن)
برطانیہ کے علاقے ٹپٹن میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 48 سالہ شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ چار بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق منگل کی رات تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر High Street میں ایک ہونڈا سوک گاڑی بے قابو ہو کر ایک چائنیز اور انگلش ٹیک اوے ریسٹورنٹ سے جا ٹکرائی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر سروس اور ایمبولینس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی کے ڈرائیور، 48 سالہ شخص، کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حادثے میں گاڑی میں سوار ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ گاڑی میں موجود دو لڑکوں اور دو لڑکیوں کو بھی طبی امداد کیلئے اسپتال لے جایا گیا۔ حکام کے مطابق بچوں کی چوٹیں جان لیوا نہیں ہیں، تاہم دو بچیوں کو ممکنہ طور پر سنگین زخم آنے کے باعث خصوصی علاج کیلئے Birmingham Children’s Hospital منتقل کیا گیا۔
حادثے کے وقت وہاں سے گزرنے والا ایک سائیکل سوار بھی زخمی ہوا، جسے موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد میں اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک کو رات بھر بند رکھا گیا تھا جبکہ حادثے کے اسباب جاننے کیلئے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم نے علاقے میں موجود سی سی ٹی وی یا ڈیش کیم فوٹیج رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں تاکہ حادثے کی مکمل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
