(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لندن)
لندن کے علاقے کلبرن میں چاقو کے وار سے قتل ہونے والے 20 سالہ نوجوان کی شناخت سامنے آ گئی ہے جبکہ پولیس نے قتل کے الزام میں ایک 21 سالہ شخص پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت Malakai Ferguson-Ramson کے نام سے ہوئی ہے، جو 26 مئی کی رات تقریباً 8 بج کر 50 منٹ پر Ashmore Road میں سینے پر چاقو لگنے کے بعد گر پڑا تھا۔ شدید زخمی ہونے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔
میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کے بعد متعدد ممکنہ عینی شاہدین سے آگے آنے کی اپیل کی تھی، جبکہ تفتیش کے دوران 21 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق Richarn Holder، جو فیلتھم کے علاقے سے تعلق رکھتا ہے، پر قتل کا باضابطہ الزام عائد کر دیا گیا ہے۔ ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ تفتیشی افسران نے 42 سالہ ایک اور شخص کو قتل کی سازش کے شبے میں گرفتار کیا تھا، جسے مزید تحقیقات تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ایشمور روڈ کے ایک بڑے حصے کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا جبکہ فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ علاقے کے رہائشیوں نے مقتول کی یاد میں پھول بھی رکھے اور افسوس کا اظہار کیا۔
کیس کی سربراہی کرنے والے تفتیشی افسر Paul Waller نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور پولیس اب بھی واقعے سے متعلق معلومات اور ویڈیو فوٹیج رکھنے والے افراد سے رابطے کی اپیل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقتول کے اہل خانہ اور اس المناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جاتا ہے۔
