(تکبیر نیوز—- برطانیہ، سولی ہل)
برطانیہ کے علاقے اولٹن میں متنازعہ رہائشی منصوبے پر فیصلہ اس وقت مؤخر کر دیا گیا جب مقامی رہائشیوں کی شدید مخالفت اور اعتراضات کے بعد سولی ہل کونسل کی پلاننگ کمیٹی نے سائٹ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
منصوبے کے تحت تعمیراتی کمپنی وارمتھ ہومز نے Ulverley Crescent میں واقع ایک گھر کے پچھلے باغیچے کی زمین پر چار بیڈ رومز پر مشتمل علیحدہ رہائشی مکان تعمیر کرنے کی درخواست دی تھی۔
اس تجویز کے خلاف مقامی رہائشیوں اور منتخب نمائندوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ منصوبے کے خلاف 12 تحریری اعتراضات جمع کروائے گئے جبکہ مقامی کونسلر James Bradley نے بھی اس کی مخالفت کی۔
سماعت کے دوران مقامی رہائشیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کیرن شرما نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ زمین گزشتہ چالیس برس سے زائد عرصے سے باغیچے کے طور پر استعمال ہو رہی ہے اور اس پر نئی تعمیر علاقے کے موجودہ ماحول اور طرزِ تعمیر سے مطابقت نہیں رکھتی۔
کونسلر جیمز بریڈلی نے بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ مکان علاقے کے مجموعی منظرنامے سے ہم آہنگ نہیں ہوگا اور پارکنگ ایریا کے درمیان ایک الگ تھلگ عمارت کی صورت اختیار کر لے گا۔
اجلاس کے دوران ماحول اس وقت کشیدہ ہو گیا جب ایک شہری نے احتجاجاً اجلاس میں مداخلت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بعض مقامی رہائشیوں کو اپنی بات رکھنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ بعد ازاں وہ اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
تمام کونسلرز نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ حتمی منظوری یا مسترد کرنے سے پہلے مقام کا دورہ کیا جائے۔ توقع ہے کہ اگر یہ دورہ جلد مکمل ہو گیا تو معاملہ 17 جون کو دوبارہ پلاننگ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔
