(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم)
برطانیہ کے علاقے ویسٹ مڈلینڈز کے تین اسکولوں نے تعلیمی میدان میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے آف اسٹڈ کی نئی اور اعلیٰ ترین "ایکسپشنل” درجہ بندی حاصل کر لی ہے، جو اب تک انتہائی کم تعلیمی اداروں کو دی گئی ہے۔
آف اسٹڈ کی جانب سے حالیہ تبدیلیوں کے بعد "ایکسپشنل” سب سے اعلیٰ درجہ قرار دیا گیا ہے، جو صرف ان اسکولوں کو دیا جاتا ہے جو معمول سے کہیں بڑھ کر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
ویسٹ مڈلینڈز میں یہ اعزاز حاصل کرنے والا واحد سیکنڈری اسکول E-ACT North Birmingham Academy ہے، جسے طلبہ کی حاضری اور نظم و ضبط کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی پر "ایکسپشنل” قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ والسال کے دو پرائمری اسکولوں، Goldsmith Primary Academy اور Reedswood E-ACT Primary Academy نے بھی شاندار کارکردگی کے باعث یہ اعزاز حاصل کیا۔
آف اسٹڈ کے مطابق نارتھ برمنگھم اکیڈمی میں طلبہ کی حاضری قومی اوسط کے مقابلے میں غیر معمولی حد تک بلند رہی ہے اور اسکول کئی برسوں سے اس معیار کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی طالب علم کی حاضری میں معمولی کمی بھی آتی ہے تو انتظامیہ فوری اور مؤثر اقدامات کرتی ہے۔
آف اسٹڈ نے مزید بتایا کہ اسکول اپنی کامیاب حکمت عملی دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کر رہا ہے تاکہ طلبہ کی حاضری کو بہتر بنایا جا سکے۔
نئے نظام کے تحت اب اسکولوں کو مختلف شعبوں میں الگ الگ درجہ بندی دی جاتی ہے جبکہ سابقہ مجموعی درجہ بندیوں جیسے "آؤٹ اسٹینڈنگ” اور "اِن ایڈی کویٹ” کو ختم کر دیا گیا ہے۔
آف اسٹڈ کا کہنا ہے کہ نیا نظام اسکولوں کی کارکردگی کی زیادہ جامع اور منصفانہ تصویر پیش کرے گا اور واضح کرے گا کہ کن شعبوں میں بہترین کام ہو رہا ہے اور کہاں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
