(تکبیر نیوز—- برطانیہ، کورنوال)
برطانیہ کے علاقے کورنوال میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے میں ایک اور کمسن بچے کے جاں بحق ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
ڈیون اینڈ کورنوال پولیس کے مطابق 29 مئی کو اے 30 شاہراہ پر کونر ڈاؤنز کے قریب متعدد گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں آٹھ سالہ بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔
پولیس نے اب تصدیق کی ہے کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والا پانچ سالہ بچہ بھی چار روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد بریسٹل چلڈرن اسپتال میں دم توڑ گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والی ستر سالہ خاتون اب بھی Derriford Hospital میں زیر علاج ہیں جبکہ چالیس سالہ خاتون کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں جاں بحق بچے اور دونوں خواتین ایک ہی گاڑی میں سوار تھے۔ متاثرہ خاندان کو خصوصی تربیت یافتہ افسران کی جانب سے ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے سلسلے میں ساٹھ سالہ مقامی شخص کو خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے موت اور شدید زخمی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے معمولی زخمی ہونے کے باعث علاج فراہم کیا گیا اور مزید تحقیقات تک رہا کر دیا گیا۔
تفتیشی افسر Andy Heath نے کہا کہ دوسرے بچے کی موت کی تصدیق انتہائی افسوس کے ساتھ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ متاثرہ خاندان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے اور اگر کسی کے پاس حادثے سے متعلق معلومات یا ڈیش کیم فوٹیج موجود ہو تو پولیس سے رابطہ کرے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
