(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لیسٹر)
برطانیہ کے شہر لیسٹر میں وین سے ایک شخص کی لاش برآمد ہونے کے سنسنی خیز واقعے میں مغربی لندن کی ایک خاتون پر قتل اور انصاف کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق 39 سالہ Harinder Kaur کو باضابطہ طور پر قتل کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمہ کا تعلق Hounslow کے علاقے سٹن ڈین سے ہے اور اسے آج لیسٹر کی عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق 27 مئی کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے Garden Street میں کھڑی ایک وین کے پچھلے حصے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی کی عمر تیس برس کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے جبکہ اس کے اہل خانہ تک رسائی اور اطلاع دینے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ وین مغربی لندن کے ایک پتے پر رجسٹرڈ تھی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہونسلو سے خاتون کو گرفتار کیا اور بعد ازاں اس پر فرد جرم عائد کر دی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس سفید رنگ کی فورڈ ٹرانزٹ وین، رجسٹریشن نمبر BF18 VNV، کی لندن سے لیسٹر آمدورفت سے متعلق ڈیش کیم یا ڈور بیل کیمرا فوٹیج موجود ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
