(تکبیر نیوز—- برطانیہ، سالفورڈ)
برطانیہ کے شہر سالفورڈ میں ایک اسکول کے قریب چاقو بردار شخص کی موجودگی کی اطلاع پر مسلح پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق واقعہ منگل کی صبح تقریباً 9 بجے Irlam اور Cadishead کے علاقوں میں لیورپول روڈ اور نیو موس روڈ پر پیش آیا، جہاں شہریوں نے ایک شخص کے ہاتھ میں چاقو ہونے کی اطلاع دی تھی۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ باڈی کیمرہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افسران نے مشتبہ شخص کو چاقو نیچے رکھنے کی ہدایت کی، تاہم صورتحال کے پیش نظر پولیس نے ٹیزر استعمال کیا جس کے بعد ملزم زمین پر گر گیا اور اسے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص ساٹھ سال سے زائد عمر کا ہے اور اس کے قبضے سے چاقو برآمد ہوا ہے۔ اسے خطرناک ہتھیار رکھنے کے شبے میں گرفتار کر کے تفتیش کیلئے حراست میں رکھا گیا ہے۔
واقعے کے دوران قریبی اسکول میں احتیاطی اقدامات کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، تاہم پولیس نے تاحال ان خبروں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے سینئر افسر Neil Jones نے کہا کہ عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس واقعے میں فوری اطلاع اور پولیس کے بروقت ردعمل نے ممکنہ خطرے کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں پہلی مرتبہ جدید "ٹیزر 10” ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، جس نے افسران کو کم نقصان دہ طریقے سے صورتحال پر قابو پانے میں مدد فراہم کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ اور اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں اضافی پولیس اہلکار تعینات رہیں گے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔
