(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لیورپول)
برطانیہ میں جیل نگرانی کے ادارے سے وابستہ ایک خاتون کو قیدیوں کیلئے منشیات، موبائل فون اور دیگر ممنوعہ اشیاء سمگل کرنے کے جرم میں پانچ سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی۔
لیورپول کراؤن کورٹ نے 63 سالہ Helen Spree کو پانچ سال اور تین ماہ قید کی سزا سنائی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمہ نے ایک عمر قید کے قیدی سمیت متعدد قیدیوں کے ساتھ نامناسب تعلقات قائم کیے اور ان کیلئے جیل کے اندر ممنوعہ سامان پہنچانے میں مدد کی۔
تحقیقات کے مطابق ہیلن سپری نے جیل نگرانی بورڈ میں رضاکارانہ خدمات انجام دیتے ہوئے قیدیوں کے ساتھ رابطے بڑھائے اور بعد ازاں HMP Liverpool کے نگرانی بورڈ کی چیئرپرسن بھی بن گئیں۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے عمر قید کاٹنے والے قیدی Dylan Westall سمیت دیگر قیدیوں کو بھنگ، موبائل فون، سم کارڈز اور چارجرز جیل کے اندر پہنچائے۔ اس کے علاوہ ان کے درمیان نامناسب نوعیت کے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز کا تبادلہ بھی ہوتا رہا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمہ کے گھر کی تلاشی کے دوران ایسے شواہد بھی ملے جن سے قیدی کے ساتھ اس کے غیر معمولی تعلقات کا انکشاف ہوا۔
استغاثہ کے مطابق ہیلن سپری نے بعض مواقع پر قیدیوں کو جیل میں ہونے والی تلاشیوں اور اہلکاروں کی تعیناتیوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کیں، جس سے جیل کی سیکیورٹی اور نظام متاثر ہوا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ نے اپنے عہدے، اختیارات اور عوامی اعتماد کا سنگین غلط استعمال کیا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ یہ جرائم منصوبہ بندی اور مسلسل رابطوں کے ذریعے کیے گئے اور ان سے جیل کے نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو نقصان پہنچا۔
اس مقدمے میں دیگر ملوث افراد کو بھی مختلف سزائیں سنائی گئیں جبکہ پولیس نے اس کیس کو جیل کے نظام کے خلاف ایک سنگین دھوکہ قرار دیا ہے۔
