(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ویسٹ مڈلینڈز)
برطانیہ میں ایک خطرناک واقعے میں خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والا مسلح ملزم پولیس سے بچنے کیلئے موٹروے پر الٹی سمت گاڑی دوڑاتا رہا، تاہم مسلح پولیس نے تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 23 سالہ Joshua Jones نے ویسٹ مڈلینڈز کے علاقے اولڈبری میں اپنی فورڈ پوما گاڑی 30 میل فی گھنٹہ کی حد والی سڑک پر تقریباً 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی اور فرار ہونے کی کوشش میں ایم فائیو موٹروے پر الٹی سمت داخل ہو گیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے اسی روز ہیلز اوون میں ایک خاتون کو، جسے وہ جانتا تھا، ریمبو طرز کے بڑے چاقو سے دھمکیاں دی تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی تھی۔
قومی پولیس فضائی سروس کے ہیلی کاپٹر کی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم ایک چوراہے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخالف سمت میں گاڑی چلا رہا تھا اور سامنے سے آنے والی ٹریفک کیلئے شدید خطرہ بن چکا تھا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مسلح اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اپنی گاڑی کے ذریعے حکمت عملی کے تحت ملزم کی گاڑی کو روکا اور اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گاڑی کی تلاشی کے دوران مسافر نشست سے ایک بڑا چاقو بھی برآمد کیا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے اسلحہ یونٹ کی سربراہ Sinead Sweeney نے کہا کہ اہلکاروں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خطرناک ملزم کو قانون کے کٹہرے میں پہنچایا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موٹروے پر الٹی سمت گاڑی چلانے کے نتائج انتہائی تباہ کن ثابت ہو سکتے تھے۔
عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے بڑا چاقو رکھنے، خطرناک ڈرائیونگ، گاڑی چھیننے، خاتون کی املاک کو نقصان پہنچانے اور دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے کے الزامات قبول کر لیے۔
عدالت نے ملزم کو حراست میں رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سزا سنانے کیلئے مقدمہ اعلیٰ عدالت منتقل کر دیا، جہاں جون میں اس کے خلاف فیصلہ سنایا گیا۔
