(تکبیر نیوز—- فرانس، لوریان)
فرانس کے شہر لوریان میں ایک دلخراش حادثے میں 10 سالہ بچہ اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے گر کر جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتوار کی شب فرانس کے علاقے بریٹنی کے شہر لوریان میں پیش آیا، جہاں ایک بچہ اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے نیچے گر گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور طبی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
طبی عملے نے بچے کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور موقع پر ہی اسے بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم زخم انتہائی شدید ہونے کے باعث بچہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
فرانسیسی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم بھی کرایا جائے گا۔
سرکاری استغاثہ کی نمائندہ لیتیشیا میراند نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں کسی تیسرے شخص کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والا بچہ مشرقی افریقہ کے جزیرہ نما ملک کوموروس سے تعلق رکھتا تھا اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ علاقے میں موجود تھا۔ حکام نے متاثرہ خاندان کو نفسیاتی اور قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر لیا ہے۔
اس افسوسناک واقعے نے مقامی آبادی اور کوموروسی کمیونٹی کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
