امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے مشترکا مفادات کو بہتر طریقے سے حاصل کیا جا سکے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ایک بہت ہی اہم رشتہ اور شراکت داری امریکا کو سعودی عرب کے ساتھ جوڑتی ہے۔ اس شراکت داری میں دونوں ملکوں کا انتہا پسندی، دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا اور ایران سے نمٹنے کے لیے مشترکا کوششیں کرنا شامل ہیں۔
امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ یمن کے بحران کے حل کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بھی بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن ایک حقیقی مگر قدرے نازک مسئلہ ہے تاہم یمن میں دیرپا امن قائم کرنے کا ایک موقع موجود ہے۔
انٹونی بلنکن نے تقریباً دو ہفتے قبل اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی تھی تاکہ علاقائی مسائل پر دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ اُس ملاقات میں ایران کے جوہری پروگرام اور ایران کے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے رویے کی وجہ سے درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا تھا۔
امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے اپنے سعودی ہم منصب کا یمن میں جنگ بندی کو مضبوط بنانے اور اس میں توسیع کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سعودی عرب نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اپنے اقدامات کو روکے، بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے خطرہ نہ بنے، بعض عرب ممالک میں مسلح ملیشیاؤں کی حمایت سے باز آئے اور دوسرے ممالک کی خود مختاری کا احترام یقینی بنائے تاکہ خطے میں حقیقی امن کا خواب پورا کیا جا سکے۔