شام، ٹرک بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، بچوں اور خواتین سمیت 11 ہلاک، 34 زخمی

17

شام میں ایک ٹرک کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے شام میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے والی نگراں تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ شام کے جنوبی شہر دارا میں پیش آیا جب ایک پِک اَپ ٹرک زمین میں چھپائی گئی بارودی سرنگ کے اوپر سے گزرتے ہوئے دھماکے سے تباہ ہو گیا۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں مرنے اور زخمی ہونے والے افراد میں زیادہ تر مزدور ہیں جو گندم کی فصل کاٹ کر واپس جا رہے تھے۔ بارودی سرنگ کے اس دھماکے سے مرنے والوں میں پانچ بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔ 34 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس تنظیم کے مطابق رواں برس شام میں دھماکا خیز مواد پھٹنے کے واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 124 ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ شام میں ایک دہائی سے جاری خانہ جنگی کے دوران شرپسندوں نے سڑکوں کے کنارے اور عمارتوں میں دھماکا خیز مواد نصب کیا ہے جس کے پھٹنے کے واقعات تواتر سے پیش آ رہے ہیں۔ ان دھماکوں میں سینکڑوں شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  کراچی میں ڈاکوؤں کی دفاتر ملازمین کے بھیس میں وارداتیں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.