(تکبیر نیوز—- لاہور)
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
پاکستان کے عظیم مزاحیہ اداکار، اسٹیج کے بے تاج بادشاہ اور لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے مرحوم امان اللہ خان کی اہلیہ انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد اہلِ خانہ، شوبز شخصیات، دوست احباب اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مرحومہ معروف فنکار عدنان امان اللہ کی والدہ تھیں۔ اہلِ خانہ کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے تمام دوستوں، عزیز و اقارب، چاہنے والوں اور مداحوں سے دعاۓ مغفرت کی اپیل کی گئی ہے۔
عدنان امان اللہ نے اپنی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی زندگی کا انتہائی غمگین اور تکلیف دہ دن ہے۔ والدہ کی محبت، شفقت، تربیت اور دعائیں ان کی زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ تھیں اور ان کی جدائی ایک ایسا صدمہ ہے جس کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔
مرحوم امان اللہ خان کی زندگی اور فنّی سفر میں بھی ان کی اہلیہ کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے ہر مشکل اور ہر کامیابی میں اپنے شوہر اور خاندان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق مرحومہ نہایت خوش اخلاق، باوقار اور خاندان سے بے پناہ محبت کرنے والی شخصیت تھیں۔
مرحومہ کے انتقال کی خبر سنتے ہی فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات، اسٹیج فنکاروں، شوبز انڈسٹری کے نمائندوں اور مداحوں نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور مرحوم امان اللہ خان کے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرمائے۔ اللہ تعالیٰ عدنان امان اللہ سمیت تمام اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
