(تکبیر نیوز—- کولمبیا) کولمبیا کے جنوب مشرقی علاقے میں دو مسلح گروپوں کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں کم از کم 52 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔
تکبیر نیوز (رائٹرز) کے مطابق یہ جھڑپیں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کے ایک اہم علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے دو حریف مسلح گروپوں کے درمیان ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں کے دوران صوبہ گواویارے کے جنگلاتی علاقوں، خصوصاً بارانکو کولوراڈو گاؤں کے قریب شدید لڑائی جاری رہی جس میں درجنوں جنگجو مارے گئے۔
لڑائی میں شامل فارک کے ایک باغی دھڑے نے تصادم کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جھڑپیں حریف گروپوں کے درمیان علاقے پر قبضے کی جنگ کا نتیجہ تھیں۔
کولمبیا کے وزیر دفاع Pedro Sanchez نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ علاقے میں مسلح گروپوں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے فوجی دستے متاثرہ علاقے میں تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق یہ جھڑپیں فارک کے باغی کمانڈر ایوان موردیسکو کے گروپ اور کالارکا کورڈوبا کی قیادت میں موجود دوسرے مسلح دھڑے کے درمیان ہوئیں۔
ماہرین کے مطابق کولمبیا کے جنگلاتی علاقے طویل عرصے سے منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کے مراکز سمجھے جاتے ہیں، جہاں مختلف مسلح گروپ اثر و رسوخ کیلئے برسرپیکار رہتے ہیں۔
