(تکبیر نیوز—- پاکستان، لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz نے ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کو پنجاب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کی پیشکش کر دی۔
یہ پیشکش وزیراعلیٰ پنجاب کی ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ افسر سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
مریم نواز نے ملاقات میں کہا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں الیکٹرک بس اور ای بائیک پروگرام کامیابی سے جاری ہیں اور حکومت جدید ٹرانسپورٹ نظام کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔
انہوں نے پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کیلئے ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ ہونے والے مفاہمتی یادداشت کو سراہتے ہوئے اسے اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب جدید شہری طرز حکمرانی کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں ڈیٹا پلاننگ اور ٹیکنالوجی مانیٹرنگ کے ذریعے عوامی سہولیات میں بہتری لائی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کی زندگی کو آسان اور بہتر بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔
