(تکبیر نیوز—- آزاد کشمیر، مظفرآباد) مظفرآباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے چالان ہونے کے بعد ایک ڈرائیور نے مبینہ طور پر اپنی کوچ دریائے جہلم میں گرا دی۔
پولیس کے مطابق مسافر کوچ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکا گیا تھا اور گاڑی کا چالان کرنے کے بعد کوچ کو ضبطی کیلئے اڈے منتقل کیا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی بس میں موجود تھا جبکہ کوچ کو پہلے ہی مسافروں سے خالی کرا لیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واپسی کے دوران ڈرائیور نے اچانک گاڑی دریائے جہلم میں پھینک دی۔
واقعے سے قبل ڈرائیور اور پولیس اہلکار نے کوچ سے کود کر اپنی جان بچائی جبکہ گاڑی دریا میں جا گری۔
واقعے کے بعد سپریم کورٹ چوک مظفرآباد میں ڈرائیورز نے احتجاج بھی کیا اور چالان کے خلاف نعرے بازی کی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
