(تکبیر نیوز—- اسپین، مالاگا) اسپین کے شہر مالاگا میں واقع آئبس ہوٹل میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد 100 سے زائد مہمانوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق آگ پیر کی علی الصبح تقریباً ایک بج کر 25 منٹ پر سیروخو سڑک پر واقع ہوٹل میں لگی۔
عینی شاہدین کے مطابق ہوٹل کے نچلے حصے سے اچانک دھواں اٹھنا شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ دھویں کے بادل کئی میل دور تک دکھائی دیتے رہے۔
مالاگا فائر بریگیڈ کے حکام کے مطابق آگ سے ہوٹل کی تقریباً 60 سے 70 فیصد عمارت متاثر ہوئی ہے۔
فائر سروس کے سربراہ سلواڈور کاسٹیلو نے بتایا کہ عمارت کی پہلی منزل شدید متاثر ہوئی جبکہ بعض حصے شعلوں کی شدت کے باعث کمزور ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ممکنہ طور پر ہوٹل کے ساتھ موجود ایک کیفے سے شروع ہوئی۔
آگ بجھانے والی متعدد ٹیمیں کئی گھنٹوں تک آگ پر قابو پانے میں مصروف رہیں جبکہ مزید فائر یونٹس بھی طلب کر لیے گئے۔
مقامی پولیس نے علاقے کی متعدد سڑکیں اور پیدل راستے بند کر دیے تاکہ امدادی کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔
حکام کے مطابق خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ تمام مہمانوں کو بروقت محفوظ نکال لیا گیا۔
آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
