(تکبیر نیوز—- آسٹریا) آسٹریا کے خوبصورت پہاڑی علاقے میں فضا میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک چھوٹا طیارہ پیراگلائیڈر سے ٹکرا گیا، تاہم خاتون معجزانہ طور پر محفوظ بچ گئی۔
44 سالہ Sabrina نامی خاتون آسٹریا کے علاقے کٹزبھیل الپس کے اوپر پیراگلائیڈنگ کر رہی تھیں کہ اچانک ایک چھوٹا طیارہ ان کے قریب آ گیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ پیراگلائیڈر کے پیراشوٹ سے ٹکرا کر اس کی رسیاں اور کپڑا پھاڑ دیتا ہے جس کے بعد خاتون فضا میں بے قابو ہو کر تیزی سے نیچے گرنے لگتی ہیں۔
حادثے کے دوران خاتون شدید خوف میں چیختی رہیں لیکن انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الجھی ہوئی رسیوں سے خود کو آزاد کیا اور بروقت ایمرجنسی پیراشوٹ کھول لیا۔
حکام کے مطابق خاتون معمولی زخمی ہوئیں جبکہ انہیں بعد ازاں پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب 28 سالہ پائلٹ بھی حادثے کے باوجود محفوظ طور پر Zell am See ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔
خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ وہ زندہ ہیں اور صرف معمولی چوٹوں کے ساتھ بچ گئیں۔
یہ خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جہاں لاکھوں صارفین اس حیران کن واقعے پر تبصرے کر رہے ہیں۔
