(تکبیر نیوز—- سعودی عرب)
مناسکِ حج 2026 کا باقاعدہ آغاز کل 8 ذوالحجہ سے ہوگا جبکہ پاکستانی عازمین حج کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن آج نمازِ مغرب کے بعد شروع کیا جائے گا۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق وزیرِ مذہبی امور کی نگرانی میں حج 2026 کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق اب تک 471 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جدید بسوں کے ذریعے عازمین کو سیٹ ٹو سیٹ منیٰ منتقل کیا جائے گا جبکہ یہ آپریشن 8 ذوالحجہ صبح 10 بجے تک مکمل کر لیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور نے شدید گرمی کے پیشِ نظر عازمین حج کو طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہر 188 حجاج کے گروپ پر ایک نگران ناظم مقرر کیا گیا ہے جبکہ منیٰ کے خیموں میں پاکستانی ذائقے کے مطابق دن میں تین وقت تازہ کھانا فراہم کیا جائے گا۔
منگل 9 ذوالحجہ کو حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گا جہاں تمام عازمین کو بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدانِ عرفات پہنچایا جائے گا۔
حجاج کرام خطبۂ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں اپنے خیموں میں ادا کریں گے اور غروبِ آفتاب تک عبادات، دعاؤں اور تسبیحات میں مشغول رہیں گے۔
وقوفِ عرفات کے بعد عازمین بغیر مغرب ادا کیے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں مغرب اور عشاء کی نماز ادا کرنے کے ساتھ رمی کیلئے کنکریاں جمع کی جائیں گی۔
10 ذوالحجہ کی صبح حجاج کرام بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے جبکہ قربانی اور حلق یا قصر کے بعد احرام سے باہر آ جائیں گے۔
11 اور 12 ذوالحجہ کو تینوں شیطانوں کی رمی کے بعد حجاج کرام اپنی رہائش گاہوں کو واپس روانہ ہوں گے۔
