(تکبیر نیوز—- بھارت)
بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے جب انہوں نے آئی پی ایل 2026ء میں سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان میچ کے بعد آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی روایتی ہینڈ شیک لائن میں موجود تھے، اس دوران ویرات کوہلی نے پیٹ کمنز اور ابھشیک شرما سے ہاتھ ملایا، تاہم وہ ٹریوس ہیڈ کے سامنے سے بغیر ہاتھ ملائے آگے بڑھ گئے، حالانکہ ٹریوس ہیڈ نے ہاتھ آگے بڑھا رکھا تھا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے ویرات کوہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک صارف نے لکھا: “پرفارمنس زیرو، اٹیٹیوڈ سو۔”
جبکہ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ “اسپورٹس مین اسپرٹ کہاں گئی؟”
کئی مداحوں نے ویرات کوہلی کے رویے کو غیر ضروری غرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیریئر کے اس مرحلے پر ان سے زیادہ بہتر رویے کی توقع تھی۔
میچ کے دوران بھی ویرات کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان کچھ جملوں کا تبادلہ دیکھا گیا تھا، تاہم تنازع کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔
میچ میں ویرات کوہلی بیٹنگ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب سن رائزرز حیدرآباد نے 255 رنز بنائے جبکہ رائل چیلنجرز بنگلورو کی ٹیم 200 رنز تک محدود رہی۔
