(تکبیر نیوز—- امریکہ، واشنگٹن)
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنے جانے کے بعد سیکرٹ سروس نے صحافیوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز اس وقت پیش آیا جب میڈیا نمائندے وائٹ ہاؤس کے نارتھ لان میں موجود تھے کہ اچانک متعدد گولیوں کی آوازیں سنائی دیں۔
امریکی سیکرٹ سروس اہلکاروں نے فوری طور پر صحافیوں کو بریفنگ روم کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت دی۔
موقع پر موجود رپورٹرز کے مطابق تقریباً 20 سے 30 صحافیوں کو تیزی سے اندر جانے کو کہا گیا۔
واقعے کے بعد امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی بھی حرکت میں آ گیا۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بیان میں کہا کہ ادارہ موقع پر موجود ہے اور سیکرٹ سروس کے ساتھ مل کر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
امریکی سیکرٹ سروس نے بھی تصدیق کی کہ وہ وائٹ ہاؤس کے قریب سترہویں اسٹریٹ اور پنسلوانیا ایونیو کے اطراف فائرنگ کی اطلاعات کا جائزہ لے رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دو افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک مشتبہ شخص بھی شامل بتایا جا رہا ہے جبکہ دوسرے کے بارے میں خیال ہے کہ وہ راہگیر تھا۔
تاحال زخمیوں کی حالت کے حوالے سے مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ صدر محفوظ ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
