(تکبیر نیوز—- برطانیہ، نارتھمپٹن) برطانیہ میں ایک 5 سالہ بچے کی کھوپڑی ای اسکوٹر حادثے کے بعد شدید متاثر ہو گئی جبکہ سرجری کے بعد اس کے سر میں کئی سینٹی میٹر کا سوراخ رہ گیا۔
پولیس کے مطابق ننھا ہینری جیکسن اپنے گھر کے باہر سائیکل چلا رہا تھا جب ایک ای اسکوٹر اس سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر کر شدید زخمی ہو گیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق حادثے کے بعد ہینری کے کپڑے خون سے بھر گئے اور اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کی کھوپڑی فریکچر ہو گئی تھی جس کے باعث فوری آپریشن کرنا پڑا تاکہ ہڈیوں کے ٹکڑے اور ملبہ نکالا جا سکے۔
سرجری کے بعد ہینری کی کھوپڑی میں تقریباً 3 سے 4 سینٹی میٹر کا سوراخ رہ گیا کیونکہ کم عمری اور جسمانی ساخت کے باعث ڈاکٹروں کیلئے دھاتی پلیٹ لگانا ممکن نہیں تھا۔
ابتدائی طور پر ہینری کو نارتھمپٹن جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں اسے برمنگھم کے کوئین الزبتھ اسپتال بھیجا گیا جہاں دو گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا۔
ہینری کے 19 سالہ بھائی جیمی آرجنٹ نے کہا کہ “وہ بہت خوش مزاج اور پیارا بچہ ہے، اچانک اسے خون میں لت پت دیکھنا انتہائی خوفناک لمحہ تھا۔”
انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں ہینری کو پٹیوں میں لپٹا اور انتہائی کمزور حالت میں دیکھ کر خاندان شدید صدمے میں تھا۔
خوش قسمتی سے چھ دن اسپتال میں رہنے کے بعد ہینری کو گھر بھیج دیا گیا اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کی مکمل صحت یابی کی امید ہے۔
تاہم خاندان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ہینری کو اپنے سر کا خاص خیال رکھنا ہوگا کیونکہ کھوپڑی کا ایک حصہ موجود نہیں۔
جیمی آرجنٹ نے حکومت سے ای اسکوٹر قوانین مزید سخت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثات روکنے کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
دوسری جانب نارتھمپٹن شائر پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ شخص کو خطرناک ڈرائیونگ کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم مزید تحقیقات کیلئے اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کے گواہوں اور ڈیش کیم فوٹیج رکھنے والوں سے رابطے کی اپیل بھی کی ہے۔
