(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم سٹی سینٹر میں نیو اسٹریٹ پر جاری رات بھر کے تعمیراتی کاموں نے مقامی رہائشیوں کی نیندیں اڑا دیں۔
وِکٹوریہ اسکوائر کے قریب پیدل چلنے والوں کیلئے نئی پختہ سڑک بنانے کا منصوبہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے، تاہم قریبی فلیٹس میں رہنے والے افراد کا کہنا ہے کہ رات بھر ہونے والی شدید آوازوں کی وجہ سے آرام کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔
ایک رہائشی نے بتایا کہ “کھڑکیاں بند ہونے کے باوجود سونا ممکن نہیں، میرے فلیٹ کے باہر جیک ہیمر کی آواز مسلسل آتی رہتی ہے۔”
رہائشیوں کے مطابق رات کے وقت ہونے والے کاموں میں توڑ پھوڑ، کٹنگ، ہتھوڑوں کا استعمال اور فورک لفٹ مشینوں کی نقل و حرکت شامل ہے۔
ایک اور مقامی شہری نے کہا کہ “یہ بڑے پیمانے کے تعمیراتی کام ہیں جو دن کے وقت ہونے چاہئیں، رات میں نہیں۔”
علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ تعمیراتی شور بعض اوقات صبح 4 بجے تک جاری رہتا ہے جس سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
تعمیراتی کمپنی “سی پی سی سیولز” نے صورتحال پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات 10 بجے کے بعد زیادہ شور والے کام محدود کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق کوشش کی جا رہی ہے کہ رات کے وقت “بریکنگ آؤٹ” جیسے انتہائی شور والے کام نہ کیے جائیں تاکہ رہائشیوں کو کم سے کم پریشانی ہو۔
